آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں شدید بارشوں کا امکان ہے: این ڈی ایم اے

Published On 17 July,2025 02:14 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں شدید بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد میں 24 سے48 گھنٹوں تک وقفے وقفے سے تیزبارش کا امکان ہے جس کے باعث نالہ لئی میں ممکنہ طغیانی اور نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال کا امکان ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ نالہ لئی کے قریبی اور نشیبی علاقوں کے مکین خطرے کا سائرن بجنے پرفوری انخلا کی تیاری رکھیں، شہری متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کریں، این ڈی ایم اے اور متعلقہ اداروں کی جانب سے بروقت اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

ترجمان این ڈی ایم اے نےکہا کہ لاہور، چکوال، اٹک، جہلم، خوشاب، سرگودھا، گجرات،گوجرانوالہ، فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ، قصور، شیخوپورہ اور حافظ آباد میں بھی شدید بارش کا امکان ہے جب کہ شدید بارشوں کے خدشے کے پیش نظر شہروں میں سیلابی صورتحال اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔