راولپنڈی فلیش فلڈ میں ریسکیو آپریشن جاری، کوڈ ریڈ نافذ، چھٹیاں منسوخ

Published On 17 July,2025 04:58 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) فلیش فلڈ میں ریسکیو آپریشن جاری، کوڈ ریڈ نافذ، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر راولپنڈی نے تمام چھٹیاں منسوخ کر دیں۔

راولپنڈی میں 400 سے زائد ریسکیو اہلکار ایمرجنسی آپریشنز میں مصروف ہیں، مختلف مقامات پر 17 ریسکیو بوٹس بھی آپریشن میں شامل ہیں، اب تک فلیش فلڈ سے 58 لوگوں کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا ہے۔

راجہ بازار، سنگجانی، لادیاں چکری، بلیو ورلڈ سوسائٹی،گلشن اقبال، ڈھوک کشمیریاں، غریب آباد اور پولیس فاؤنڈیشن میں ریسکیو ٹیمیں نے آپریشن کیا، لادیاں کے تمام رہائشیوں کو بحفاظت سیلابی ریلے سے نکال لیا گیا۔

واضح رہے کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں کل رات سے ہونے والی موسلا دھار بارش نے جل تھل ایک کر دیا، نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث خطرے کے الارم بجا دیئے گئے ہیں اور قریبی آبادی کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔


جڑواں شہروں میں کل رات سے اب تک 230 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے جس کے باعث راولپنڈی اسلام آباد میں نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں، راولپنڈی کے علاقے ڈھوک کھبہ میں پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔