سیہون: دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند، 30 سے زائد دیہاتوں کا زمینی رابطہ منقطع

Published On 18 July,2025 08:57 am

سیہون شریف: (دنیا نیوز) دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافے کے باعث سیلابی پانی سیہون کے کچے کے علاقوں تک پہنچ گیا جس کے بعد تحصیل سیہون کی تین یونین کونسلز کے کچے کے علاقوں میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔

بلاول پور، جھنڈیانی، واهن، ماہی اوٹھو، ماہی سہتا سمیت متعدد دیہاتوں کے اطراف پانی پھیل گیا ہے جبکہ 3 یونین کونسلوں کے 30 سے زائد دیہات کا سیہون اور بھان سیدآباد شہروں سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔

دیہاتی نجی کشتیوں کے ذریعے شہروں سے آمدورفت جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ متاثرہ علاقوں میں مشکلات بڑھ رہی ہیں۔

علاوہ ازیں محکمہ آبپاشی کے مطابق پانی کی سطح میں آئندہ چند روز میں مزید اضافے کا امکان ہے جس کے بعد ایل ایس حفاظتی بند پر ایمرجنسی نافذ کر کے بندوں کی نگرانی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔