جہلم: (دنیا نیوز) فلیش فلڈنگ کے باعث جہلم میں انفراسٹرکچر شدید متاثر، دارا پل زمین بوس ہو گیا۔
پل زمین بوس ہونے سے پنڈدادنخان اور جہلم کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا، محکمہ ہائی وے سمیت متعلقہ محکموں نے بحالی کا کام شروع کر دیا۔
ہائی وے انتظامیہ کے مطابق پانی زیادہ ہونے سے پل کی بحالی کے کام میں کافی مشکلات پیش آ رہی ہیں، مکینیکل منگوا رہے ہیں، عارضی طور پر لگا کر آمدورفت بحال کی جائے گی۔
ڈومیلی کے علاقوں میں بھی رابطہ سڑکیں متاثر ہیں، جھنگ کھوکراں روڈ کا سو میٹر سے زائد حصہ پانی کی نذر ہو گیا، سڑک ٹوٹنے سے درجنوں دیہات کا رابطہ منقطع ہو گیا۔
ہائی وے انتظامیہ کے مطابق پھڈیال روڈ بھی لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں ہے، تھپلہ روڈ بھی بارشی پانی سے شدید متاثر ہے۔
رابطہ سڑکیں بہنے سے متعدد دیہات کے باسیوں کو آمدروفت میں پریشانی کا سامنا ہے، علاقہ مکین اپنی مدد آپ کے تحت سڑکیں بحال کرنے میں مصروف ہیں۔