اسلام آباد:(دنیا نیوز) سپریم کورٹ کی ٹیکنیکل ٹیم ترکی کے سرکاری دورے پر پہنچ گئی۔
عدالت عظمیٰ کے جاری اعلامیہ کے مطابق ٹیم آئینی عدالت ترکی کے ایک ہفتے کے دورے پر انقرہ پہنچی، دورہ چیف جسٹس پاکستان کے عوام دوست عدالتی ویژن کا حصہ ہے، وفد میں سپریم کورٹ، ایف جے اے اور لاء کمیشن کے افسران شامل ہیں۔
اعلامیہ میں یہ بھی بتایا گیا کہ وفد میں ڈائریکٹر جنرل ایف جے اے، سیکرٹری لاء کمیشن، ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل اور سینئر ڈپٹی ڈائریکٹر سافٹ ویئر بھی بھی شامل ہیں، دورے کا مقصد عدالتی کارکردگی، کیس مینجمنٹ کا مطالعہ ہے۔
اسی طرح وفد ٹیکنالوجی اورآرٹ فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کے عدالتی استعمال کا جائزہ لے گا، انہیں آئینی عدالت ترکی میں ڈیجیٹل نظام پر بریفنگ دی جائے گی اور وفد کورٹ آف کسّیشن، ترک بار ایسوسی ایشنز سے بھی ملاقات کرے گا۔
سپریم کورٹ کے اعلامیہ میں مزید یہ بھی بتایا گیا کہ وفد ترک جسٹس اکیڈمی اور وزارت انصاف کا آئی ٹی ڈائریکٹوریٹ کا بھی دورہ کرے گا، دورہ عدالتی اصلاحات اور عالمی تعاون کے عزم کی عکاسی کرتا ہے، پاکستان میں عدالتی نظام میں جدید طریقے اپنانے کی بنیاد رکھی جائے گی، دورہ پاکستان ترکی عدالتی تعاون کو مستحکم بنانے کا ذریعہ بنے گا۔