ترکیہ کے صوبے ازمیر میں جنگلاتی آگ پھیل گئی، 50 ہزار افراد کا انخلا

Published On 01 July,2025 12:22 pm

انقرہ: (دنیا نیوز) ترکی کے مغربی صوبے ازمیر میں جنگلاتی آگ بے قابو ہوگئی ہے، جس کے بعد 50 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا۔

 

قدرتی آفات سے نمٹنے والے ترکی کے ادارے آفاد کے مطابق سب سے شدید آگ سیفریحیصار کے جنگلاتی علاقے میں شروع ہوئی، جو 120 کلومیٹر فی گھنٹہ کی تیز ہواؤں کی وجہ سے تیزی سے پھیل گئی۔

صرف سیفریحیصار سے 42,300 افراد کو نکالا گیا، جب کہ ٹی وی فوٹیجز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جنگل کی آگ نے کئی گھروں کو راکھ کردیا ہے، کچھ علاقوں میں صرف دیواریں ہی باقی رہ گئیں۔

وزیر زراعت و جنگلات ابراہیم یومکلی کے مطابق آگ بجھانے کے لیے 1,000 سے زائد اہلکار، 4 طیارے، 14 ہیلی کاپٹر، اور 106 فائر ٹرک سرگرم عمل ہیں۔

حکام نے بتایا کہ اب تک 263 مقامات پر آگ بھڑکی، جن میں سے 259 پر قابو پالیا گیا ہے، جب کہ باقی 4 مقامات پر کارروائی جاری ہے، ایک شخص کو پٹرول سے جان بوجھ کر آگ لگانے کے الزام میں گرفتار بھی کیا گیا ہے۔

ازمیر ایئرپورٹ عارضی طور پر بند تھا، اب پروازوں کے لیے بحال ہو چکا ہے۔

یورپی ادارے ای ایف ایف آئی ایس کے مطابق رواں سال ترکی میں اب تک 19,000 ہیکٹر سے زائد رقبہ آگ سے متاثر ہو چکا ہے۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی اور انسانی عوامل کی وجہ سے ایسے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے، جس پر ترکی کو سنجیدہ اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔