ایف-35 پروگرام سے کبھی دستبرداری اختیار نہیں کی: ترک صدر

Published On 26 June,2025 06:19 pm

انقرہ: (ویب ڈیسک) ترک صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ ترکی نے جدید ترین امریکی ایف-35 اسٹیلتھ لڑاکا طیارے حاصل کرنے اور اس پروگرام میں دوبارہ شمولیت کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

نیٹو سربراہی اجلاس سے واپسی پر طیارے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایردوان نے کہا کہ انہیں اس معاملے پر ٹرمپ سے بات چیت کے بعد پیشرفت کی امید ہے۔

ترک صدارتی دفتر کے مطابق ایردوان نے کہا کہ ’ہم نے ایف-35 پروگرام سے کبھی دستبرداری اختیار نہیں کی۔ ہم اپنے امریکی ہم منصبوں کے ساتھ دوبارہ اس پروگرام میں شامل ہونے پر بات چیت کر رہے ہیں‘۔

یاد رہے کہ امریکا نے 2020 میں ترکی پر اس وقت پابندیاں عائد کر دی تھیں جب اس نے روس سے ایس 400 فضائی دفاعی نظام خریدا تھا۔ اسی فیصلے کے تحت ترکیے کو ایف-35 پروگرام سے بھی نکال دیا گیا تھا حالانکہ وہ اس پروگرام کا خریدار ہی نہیں بلکہ شراکت دار بھی تھا۔

ترکیے متعدد بار اس فیصلے کو ’ناانصافی‘ قرار دے چکا ہے اور پروگرام میں دوبارہ شراکت یا مالی ازالے کا مطالبہ کرتا رہا ہے۔