دی ہیگ: (دنیا نیوز) ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ ترکیہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کا خیر مقدم کرتا ہے۔
نیٹو سمٹ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ یورو فائٹر طیاروں کے معاہدے میں مثبت پیشرفت ہوئی، برطانیہ اور جرمنی سے یو روبائٹر ٹائفون طیاروں پر گفتگو ہوئی۔
ترک صدر نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ سے ایف 35 طیاروں کی ممکنہ خریداری پر بھی بات چیت ہوئی، اپنی دفاعی صلاحیت کو بہتر بنانے کیلئے تمام راستے کھلے رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ توقع کرتے ہیں ایران اور اسرائیل امریکی صدر کی گزارش کی غیر مشروط تعمیل کریں گے، خطے میں امن اور استحکام کیلئے سفارت کاری، دفاعی تجارت میں اصلاحات پر زور دیتے ہیں۔
رجب طیب اردوان نے کہا کہ اسرائیل کے حملوں نے غزہ کو انسانی المیے اور تباہی میں تبدیل کر دیا ہے، غزہ میں صیہونی اقدامات کو کوئی بھی ضمیر رکھنے والا شخص نظر انداز نہیں کر سکتا۔