ہیگ : (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ترک صدر طیب اردگان سے ملاقات ہوئی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان سے ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات، علاقائی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا، ترک صدر نے غزہ میں انسانی بحران کے خاتمے کیلئے بات چیت کی اہمیت پر زور دیا۔
ترک صدر طیب اردگان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکی کوششوں سے ایران جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہیں، امریکا کے ساتھ تجارتی حجم کو بڑھانے کیلئے دفاعی تعاون بڑھا رہے ہیں، توانائی، سرمایہ کاری اور ڈیفنس کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے مواقع ہیں۔
امریکی صدر نے روس یوکرین جنگ بندی کیلئے کوششیں جاری رکھنے کا اعادہ کرتے ہوئے کہا نیٹو سمٹ کے دوران یوکرینی صدر زیلنسکی سے ملاقات ہوسکتی ہے، روس اور یوکرین کے درمیان جنگ بندی کیلئے پر امید ہوں۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات ہیگ میں نیٹو کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوئی۔