ایرانی وزیر داخلہ کا محسن نقوی سے رابطہ، سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کی یقین دہانی

Published On 21 July,2025 09:32 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایران کے وزیر داخلہ سکندر مومنی نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس میں انہوں نے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

ایرانی وزیر داخلہ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ایران مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کے لیے تیار ہے۔

گفتگو کے دوران سکندر مومنی نے وزیر داخلہ محسن نقوی سے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے 26 جولائی کو متوقع دورہ پاکستان سے متعلق امور پر بھی بات چیت کی، انہوں نے اس دورے کو دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا اہم موقع قرار دیا۔

ایرانی وزیر داخلہ نے حالیہ دورہ ایران پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون کی علامت قرار دیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی قیادت کے جذبہ خیرسگالی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان کو ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے دورہ اسلام آباد کا بے چینی سے انتظار ہے۔