نیویارک: (دنیا نیوز) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی نیو یارک میں یو این سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات ہوئی۔
اسحاق ڈار نے یو این سیکرٹری جنرل سے ملاقات کے دوران کثیرالجہتی کیلئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اظہار کیا، سیکرٹری جنرل نے سلامتی کونسل میں پاکستان کی موجودگی اور اقدامات کو سراہا۔
اسحاق ڈار نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے اصولوں پر پابند ہے، امن کو بات چیت اور سفارتکاری کے ذریعے فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
اسحاق ڈار کی جنرل اسمبلی کے صدر سے بھی ملاقات ہوئی، بھارتی جارحیت اور غلط معلومات پر مبنی مہمات پر تشویش کا اظہار کیا، اسحاق ڈار نے بھارتی پراکسیز کے ذریعے پاکستان میں دہشتگردی پر عالمی توجہ مبذول کرنے کا مطالبہ کیا۔
واضح رہے کہ پائیدار ترقی سے متعلق اقوام متحدہ کے اعلیٰ سطح سیاسی فورم کا انعقاد ہوا، وزیر خارجہ نے شرکت کی تھی، اسحاق ڈار نے سیاسی فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان 2030 کے ایجنڈے کیلئے پرعزم ہے۔
اسحاق ڈار کا مزید کہنا تھا کہ خوراک کا بحران اور موسمیاتی تبدیلی بڑے چیلنجز ہیں، اڑان پاکستان پروگرام ملکی ترقی کا منصوبہ ہے، مستحق اور نادار بچوں کیلئے دانش سکول قائم کئے جا رہے ہیں۔