محکمہ موسمیات کا گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا کے گلیشیائی علاقوں میں ہائی الرٹ جاری

Published On 22 July,2025 05:42 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) محکمہ موسمیات نے گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں گلاف، فلیش فلڈز اور لینڈ سلائیڈنگ بارے الرٹ جاری کر دیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کے ساتھ مغربی ہواؤں کے سلسلے کے باعث گلاف کے خطرات بڑھ گئے، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے گلیشیائی علاقوں میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا۔

گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں وقفے وقفے سے بارش اور گرج چمک متوقع ہے، مزید شدید بارشوں سے گلاف اور لینڈ سلائیڈنگ ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے گلیشیائی علاقوں میں رہنے والے افراد کو محتاط رہنے اور تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور ہنگامی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے عوام کو کسی بھی ناگہانی صورتحال سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔