اسلام آباد: (دنیا نیوز) مری میں گزشتہ رات سے شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سےجاری ہے جس کے نتیجے میں کئی درخت گرگئے اور گاڑیاں پھنس گئیں جب کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں شدید بارش سے پانی گھروں میں داخل ہوگیا، باپ بیٹی گاڑی سمیت بہہ گئے، رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
مری کے بوستال روڈ اور ایکسپریس وے کے آوائین کے مقام پر لینڈسلائیڈنگ کے واقعات دیکھنے میں آئے جس دوران 3افراد پتھر لگنے سے معمولی زخمی ہوگئے جب کہ امدادی ٹیموں نے گاڑیوں اور 11 افراد کو بحفاظت نکال لیا، نمب جھنڈا گلی گاؤں میں لینڈسلائیڈنگ کے نتیجے میں 2 گھر زد میں آگئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
مری میں وقفے وقفے سے جاری بارشوں اور تیز ہواؤں کے باعث کئی درخت گرگئے جس کے نتیجے میں متعدد گاڑیاں پھنس گئی ہیں، بارشوں کے نتیجے میں بھوربن اور ملحقہ علاقوں میں گزشتہ 12 گھنٹے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں: پی ڈی ایم اے کا موسلادھار بارشوں کا الرٹ، احتیاطی تدابیر کی ہدایت
ڈپٹی کمشنر نے شہریوں کو مری کے غیرضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی اور کہا کہ ندی نالوں اور ڈیمز میں نہانے سے مکمل سے گریز کریں۔
ادھر راولپنڈی اسلام آباد میں تیز بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے جہاں راولپنڈی میں ایک ہاؤسنگ سوسائٹی کار سوار 2 افراد کرنل (ر) اسحاق قاضی اور ان کی بیٹی برساتی نالے میں بہہ گئے۔
نالے میں کار سمیت بہہ جانے والے افراد گاڑی سے مدد کے لیے آوازیں لگاتے رہے، کار سوار افراد نے برساتی نالے کے قریب سے گاڑی گزارنے کی کوشش کی، پانی کا بہاؤ تیز ہونے پر دونوں افراد کار سمیت پانی میں بہہ گئے، ریسکیو ٹیم نے باپ بیٹی کی تلاش شروع کر دی ہے۔
جڑواں شہروں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، تلہاڑ، سید پور، باغ راجگان، کھڑکن اور سوہاوہ کے گاؤں متاثر ہوئے ہیں، کئی مکان منہدم ہو گئے اور کئی مویشی پانی میں بہہ گئے ہیں، اڈیالہ سرکل اور بسکٹ فیکٹری چوک پر بارش کے پانی کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔
واضح رہے کہ پانی کی سطح بلند پر راول ڈیم کے سپل وے بھی کھول دیے گئے ہیں۔
ادھر چکوال کی انتظامیہ نے بارش کی پیشگوئی کے باعث الرٹ جاری کر دیا ہے، مساجد میں احتیاطی تدابیر پر مبنی اعلانات کرائے جا رہے ہیں۔