چکوال: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا چکوال اور جہلم کو آفت زدہ قرار دینے کا مطالبہ جائز ہے۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے چکوال اور گرد و نواح کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا، دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اور پی ڈی ایم اے کے افسران نے گورنر پنجاب کو متاثرہ علاقوں کی صورتحال، نقصانات اور جاری امدادی سرگرمیوں پر بریفنگ دی۔
انہوں نے مختلف علاقوں کا زمینی معائنہ کرتے ہوئے متاثرہ افراد سے ملاقات کی اور حالیہ شدید بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر دلی افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
گورنر سردار سلیم حیدر نے سیلابی ریلوں میں بہہ جانے والے گھروں کے نقصانات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ متاثرہ خاندانوں کی بحالی اور مالی معاونت کے لیے پیپلز پارٹی ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا کہ پنجاب حکومت سے بات کر کے چکوال کو آفت زدہ قرار دلوایا جائے گا، بارش سے نقصان کا ازالہ پنجاب حکومت بھی کرے گی اور گورنر آفس بھی۔
انہوں نے کہا کہ چکوال میں بارشوں سے نقصانات کے ازالے کیلئے سروے کیا جارہا ہے، چکوال میں ریکارڈ 450 ملی میٹر بارش ہوئی جس سے بہت نقصان ہوا۔