خیبر پختونخوا میں اگلے چند دنوں میں مزید مون سون بارشوں کی پیشگوئی

Published On 21 July,2025 09:56 pm

پشاور: (دنیا نیوز) محکمہ موسمیات نے خیبر پختونخوا میں اگلے چند دنوں میں مزید مون سون بارشوں کی پیشگوئی کردی۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے صوبہ بھر خصوصاً سیاحتی اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی اور کہا کہ ان بارشوں کی وجہ سے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لئے پوری انتظامیہ ہر لحاظ سے الرٹ رہے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پولیس، بلدیات، آبپاشی، ریسکیو اور ضلعی انتظامیہ کے اہلکاروں کی فیلڈ میں موجودگی یقینی بنائی جائے، سیلاب اور دیگر قدرتی آفات کی صورت میں مالی و جانی نقصانات کو کم سے کم کرنے کے لئے ضروری انتظامات مکمل کئے جائیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ سیاحتی علاقوں میں موجود سیاحوں کو موسمی حالات کے پیش نظر درپیش خطرات سے متعلق آگہی دی جائے، متوقع بارشوں کی وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ سے بند ہونے والی سڑکوں کو بروقت کھولنے کے درکار مشینری کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اضلاع کی سطح پر مراکز صحت میں ضروری عملے اور ادویات کی ہمہ وقت دستیابی کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں، تمام اضلاع میں ایمرجنسی کنٹرول رومز کو 24 گھنٹے فعال کیا جائے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں انتظامیہ کے حکام ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں کی خود نگرانی کریں، کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لئے ضلع کی سطح پر تمام متعلقہ اداروں کے درمیان کوآرڈی نیشن کا مربوط نظام وضع کیا جائے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ مون سون بارشوں کے حوالے سے پی ڈی ایم اے کی طرف سے جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔