لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے پنجاب کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا۔
پی ڈی ایم اے کے ترجمان نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران راولپنڈی میں 54 ملی میٹر، مری میں 42 ملی میٹر اور نارووال میں 62 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، اسی طرح جہلم، سیالکوٹ، منگلا، اٹک، گجرات اور رحیم یار خان میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری رہا۔
ترجمان کے مطابق صوبے بھر میں بارشوں کی شدت کے پیش نظر تمام ضلعی ایمرجنسی آپریشن سینٹرز اور صوبائی کنٹرول روم کو مکمل طور پر الرٹ کر دیا گیا ہے۔
راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سرگودھا، ملتان، ساہیوال، بہاولپور، جہلم، اٹک، چکوال، مری، گلیات، میانوالی، نارووال، گجرات، سیالکوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، منڈی بہاؤالدین اور ڈی جی خان میں آج مزید تیز بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے مون سون بارشوں کے چوتھے سلسلے کو 25 جولائی تک جاری رہنے کی توقع ظاہر کی ہے اور ساتھ ہی خطرات کی نشاندہی کی ہے، ان میں نشیبی علاقوں اور ندی نالوں میں طغیانی اور مری کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ شامل ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور بارشوں کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، خصوصاً پہاڑی علاقوں میں جہاں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ چکا ہے۔