اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ کے نتائج کا اعلان کر دیا

Published On 22 July,2025 09:42 pm

کراچی: (دنیا نیوز) اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ بارہویں جماعت کے ہوم اکنامکس اور خصوصی امیدواروں (آرٹس ریگولر گروپ) کے سالانہ امتحانات 2025ء کے نتائج کا اعلان کر دیا۔

چیئرمین بورڈ فقیر محمد لاکھو کے مطابق ہوم اکنامکس گروپ میں رعنا لیاقت علی خان گورنمنٹ کالج کی طالبہ ارم فیصل بنت فیصل احمد نے 1200 میں سے 1054 نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔

ایمان ہاشمی نے 988 نمبر کے ساتھ دوسری، جبکہ شانزہ نایاب نے 980 نمبر حاصل کر کے تیسری پوزیشن حاصل کی، تینوں طالبات کو اے ون گریڈ ملا۔

خصوصی امیدواروں کے گروپ میں دیوا ہائر سیکنڈری سکول کی طالبہ سیدہ فاریہ بنت سید احسن رشید نے 1100 میں سے 960 نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔

اسی سکول کی بریرا اسلام نے 925 نمبر کے ساتھ دوسری، جبکہ IDA-RIEU سکول کی ایمان الشمس نے 920 نمبر حاصل کر کے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

ناظم امتحانات زرینہ راشد کے مطابق ہوم اکنامکس گروپ میں 198 طالبات نے رجسٹریشن کرائی، 189 نے امتحان دیا، جن میں سے 112 کامیاب ہوئیں، اور کامیابی کا تناسب 59.26 فیصد رہا۔

زرینہ راشد کے مطابق ان میں 9 طالبات اے ون، 24 اے، 30 بی، 31 سی، اور 18 ڈی گریڈ میں کامیاب ہوئیں۔

خصوصی امیدواروں کے گروپ میں 116 امیدوار رجسٹرڈ ہوئے، 114 نے امتحان میں شرکت کی، جن میں سے 103 کامیاب ہوئے۔

کامیابی کا تناسب 90.35 فیصد رہا، ان میں 19 امیدوار اے ون، 55 اے، 27 بی، اور 2 سی گریڈ میں کامیاب قرار پائے۔

نتائج بورڈ کی ویب سائٹ http://www.biek.edu.pk پر دستیاب ہیں۔