پنجاب کے متعدد تعلیمی بورڈز نے میٹرک امتحان میں پوزیشن حاصل کرنیوالوں کا اعلان کر دیا

Published On 23 July,2025 04:58 pm

لاہور، ملتان، بہاولپور، سرگودھا، فیصل آباد: (دنیا نیوز) پنجاب کے تعلیمی بورڈز نے میٹرک سالانہ امتحان 2025 میں پوزیشن حاصل کرنے والے امیدواروں کا اعلان کر دیا۔

لاہور

سیکرٹری و کنٹرولر لاہور بورڈ رضوان نذیر نے پریس کانفرنس کے دوران میٹرک کے سالانہ امتحانات 2025 کے پوزیشن ہولڈرز کے ناموں کا اعلان کیا۔

حرم فاطمہ نے 1193 نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی، نورالہدیٰ اور حاجی ابوذر تنویر 1188 نمبر لے کر دوسری جبکہ محمد علی 1187 نمبرلے کر تیسری پوزیشن پر رہے۔

کنٹرولر لاہور بورڈ رضوان نذیر نے کہا کہ نقل کی روک تھام کیلئے اقدامات مثبت رہے، رواں سال رول نمبر سلپ پر کیو آر کوڈ لگا کر پیپر لیے گئے، رواں سال 11 ہزار سے زائد سٹاف نے امتحان میں ڈیوٹیاں دیں۔

ملتان

ڈپٹی کمشنر ملتان نے پوزیشن ہولڈرز کے ناموں کا اعلان کیا، امتحان میں ایک لاکھ 25 ہزار امیدوار شریک ہوئے۔

تعلیمی بورڈ ملتان کے مطابق دنیا پور کے طالب علم ہارون حامد نے 1193 نمبر لے کر پہلی، حسینہ فاطمہ نے 1188 نمبر لے دوسری پوزیشن حاصل کی۔

حافظہ عشبہ فاطمہ نے 1187 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی، اسبہا فاطمہ، میرب فاطمہ اور خدیجہ بھی 1187 نمبر لے کر تیسری پوزیشن کی حق دار ٹھہریں۔

بہاولپور

بہاولپور تعلیمی بورڈ میں چشتیاں کی طیبہ امین نے میٹرک کے امتحانات میں 1185 نمبرز لے کر پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔

ہارون آباد کے عبداللہ رشید نے 1182 نمبرز لے کر دوسری، چشتیاں کی علیزے لیاقت نے 1181 نمبرز لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔

میٹرک کے پہلے سالانہ امتحان میں 91643 امیدواروں نے حصہ لیا، سائنس مضامین میں 80491 اور آرٹس کے 11152 امیدوار شامل ہوئے۔

سرگودھا

سرگودھا ثانوی تعلیمی بورڈ نے میٹرک کے سالانہ امتحانات 2025 کے پوزیشن ہولڈرز کا اعلان کر دیا جس کے مطابق سرگودھا کی مروا سہیل نے 1187 نمبرز کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔

محمد سراج خان نے 1186 نمبرز کیساتھ دوسری، بھکر کے محمد اسد جاوید، محمد مبین ارشد، منیب الرحمان اور عائشہ مسکان نے 1184 نمبرز لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔

فیصل آباد

فیصل آباد تعلیمی بورڈ کے مطابق میٹرک کے سالانہ امتحانات 2025 میں محمد معیز قمر نے 1189 نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔

پینسرہ سے ماہم ممتاز نے 1187 نمبرز کے ساتھ دوسری جبکہ میرب ورک نے 1186 نمبرز کے ساتھ مجموعی طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی، تعلیمی بورڈ کی جانب تقریب تقسیم انعامات کل منعقد کی جائے گی۔

ساہیوال

بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ساہیوال میں میٹرک کے سالانہ امتحانات میں 71789 طلبا و طالبات نے حصہ لیا اور 48680 طلبا و طالبات کامیاب ہوئے، طلبہ کی کامیابی کا تناسب 67.81 فیصد رہا۔

چیئرمین بورڈ کے مطابق میٹرک کے سالانہ امتحان میں ضلع اوکاڑہ کے محمد فیضان فرید اسرار نے 1189 نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔

طالبہ ام رمان نے 1187 نمبرز لے کر دوسری اور محمد فیضان چودھری نے 1189 نمبرز لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی، بورڈ امتحانات کے پوزیشن ہولڈر کا اعلان چیئرمین بورڈ ڈاکٹر آصف طفیل نے کیا۔

گوجرانوالہ

گوجرانوالہ تعلیمی بورڈ نے بھی پوزیشن ہولڈرز کے ناموں کا اعلان کیا جس کے مطابق میٹرک کے سالانہ امتحانات میں سائنس اور آرٹس گروپ میں 19 امیدواروں نے مختلف پوزیشنز حاصل کیں۔

لڑکیوں نے مجموعی طور پر 7 پوزیشنز لے کر میدان مار لیا، لڑکے مجموعی طور پر تین پوزیشنز حاصل کرسکے۔

تین امیدواروں شفاعت رسول، علیشہ زیب اور فاطمہ نے بالترتیب 1200 سے میں 1187 نمبر لے کر مجموعی طور پر پہلی پوزیشن حاصل کی، محمد موہد، محمد عبداللہ 1186 نمبر لے دوسرے نمبر پر رہے۔

چیئرمین گوجرانوالہ بورڈ کے مطابق پانچ امیدواروں نے 1185 نمبر لے کر مجموعی طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی۔