مون سون بارشیں: 24 گھنٹے کے دوران 10 افراد جاں بحق، 13 زخمی ہوئے

Published On 23 July,2025 08:18 pm

لاہور: (دنیا نیوز) این ڈی ایم اے نے مون سون بارشوں سے 26 جون سے 23 جولائی تک کے نقصانات کی تفصیلات جاری کر دیں۔

این ڈی ایم اے رپورٹ کے مطابق مون سون بارشوں کے سبب گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 10 افراد جاں بحق، 13 زخمی ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق مون سون بارشوں کے باعث ملک بھر میں مجموعی طور پر اب تک 252 افراد جاں بحق، 611 زخمی ہو چکے ہیں۔

ہلاک ہونے والوں میں 121 بچے، 85 مرد، 46 خواتین شامل ہیں، پنجاب میں سب سے زیادہ 139 افراد جاں بحق، 477 زخمی ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا میں 60 اموات، 74 زخمی ہو گئے، سندھ میں 24 افراد جاں بحق، 40 زخمی ہوئے، بلوچستان میں 16 اموات، 4 زخمی ہوئے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق آزاد کشمیر میں 2، اسلام آباد میں 6 افراد جاں بحق ہوئے، مجموعی طور پر اب تک 1 ہزار 5 گھروں کو نقصان پہنچا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ مجموعی طور پر اب تک 328 مویشی پانی میں بہہ گئے، بارشوں سے 12 پلوں کو نقصان پہنچا۔