گلگلت بلتستان: (دنیا نیوز) گلگت بلتستان میں بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ نے تباہی مچا دی، سیلابی ریلوں میں 4 سیاحوں سمیت 5 افراد کی اموات کی تصدیق ہوگئی۔
لودھراں کی رہائشی ڈاکٹر مشعال و دیگر کی میتیں آبائی گاؤں روانہ کردی گئیں، میتیں بذریعہ شاہراہ ریشم روانہ کی گئیں، چلاس میں ریلہ آیا تو سب نے پہاڑ کے نیچے چھپنے کی کوشش کی۔
ریلے میں بہہ کر جاں بحق ہونیوالے لودھراں کے شہری فہد اسلام کے بیٹے عاصم فہد نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ چچی مشعال اور کمسن کزن عبدالہادی ریلے میں بہہ گئے، ان کو بچانے کیلئے پاپا نے پانی میں چھلانگ لگا دی۔
چلاس میں سیلابی ریلے میں لاپتہ 15 سیاحوں کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن جاری رہا، سیلابی ریلوں سے رابطہ سڑکیں اور پل ٹوٹ گئے، شاہراہ قراقرم دوبارہ متعدد مقامات پر بند ہوگئی، دریائے شگر میں طغیانی سے کے ٹو جانیوالی شاہراہ کا رابطہ پل ٹوٹ گیا، سیکڑوں کوہ پیما پھنس گئے۔
آزاد کشمیر میں بھی طوفانی بارشیں اور لینڈ سلائیڈنگ ہوئی، برساتی نالوں میں طغیانی سے درجنوں گھر اور دکانیں تباہ ہوگئیں، مختلف حادثات میں 2 افراد چل بسے، 9 زخمی ہوئے، لینڈ سلائیڈنگ سے رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں، شونٹر ویلی کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا، 10 ہزار آبادی محصور ہو گئی۔