اسلام آباد:(دنیا نیوز) چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی سے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے وفاقی دارالحکومت میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران گورنر پنجاب نے چیئرمین سینیٹ کو وفاقی اینٹی کرپشن کورٹ سے 14 مقدمات میں باعزت بری ہونے پر مبارکباد اور گلدستہ پیش کیا۔
سردار سلیم کا اس موقع گفتگوکرتے ہوئے کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں نے ہمیشہ بہادری سے سیاسی انتقام کی بنیاد پر بنائے گئے مقدمات کا سامنا کیا، صدر زرداری سمیت پی پی قیادت اور کارکنوں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔
انہوں نے یوسف رضا گیلانی کی ثابت قدمی کو خراج تحسین پیش کیا جب کہ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا ہے، جبکہ بحثیت گورنر پنجاب کی کارکردگی کو بھی سراہا۔
ان کا کہنا تھا کہ گورنر پنجاب نے صوبہ میں کارکنوں میں نئی سیاسی روح ڈال دی ہے،ان کی کاوشوں سے دوسری جماعتوں سے لوگ پی پی پی میں شامل ہو رہے ہیں،انہوں نے پارٹی کے لیے خدمات قابل ستائش قرار دیا۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پھانسیاں، قید و بند کی صعوبتیں پی پی پی رہنماؤں اور کارکنوں کے جذبے کو نہیں دبا سکیں، سیاسی انتقام کی سیاست نے جمہوریت کو نقصان پہنچایا، تاریخ گواہ ہے کہ پی پی پی نے کبھی بھی سیاسی انتقام کی سیاست نہیں کی۔
گورنر پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب پیپلز پارٹی نے سب سے زیادہ جمہوریت کے لیے قربانیاں دی، تمام سیاسی جماعتیں مل کر جمہوریت کو مضبوط کریں۔