جنگ نہ ہونا امن نہیں، انصاف ہونا امن ہے: چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی

Published On 24 July,2025 03:02 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ جنگ نہ ہونا امن نہیں بلکہ انصاف ہونا امن ہے، جب تک انصاف نہیں ہوگا تو امن نہیں آئے گا۔

ضم شدہ اضلاع کے قبائلی جرگے سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے کئی ملکوں کو اس وقت امن وامان کا مسئلہ درپیش ہے، جب وزیراعظم بنا تو ہم نے ساؤتھ وزیرستان ،سوات اورمالاکنڈ میں مشاورت کے ساتھ آپریشن کیا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ افغانستان میں بدامنی کی وجہ سے مہاجرین نے پاکستان نقل مکانی کی، پاکستان دہشتگردی کا سب سے زیادہ شکار ہوا، ہم نے شفافیت کے ساتھ ملٹری آپریشن کیا، عالمی برادری نے افغان مہاجرین کا بوجھ بانٹنے سے متعلق وعدے پورے نہیں کیے۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ میں نے ملالہ یوسفزئی کو امن ایواڈ دیا، پوری دنیا نے میرے انتخاب کو قبول کیا اورملالہ یوسفزئی کو 3سال بعد نوبل انعام ملا۔

انہوں نے کہا کہ جب وزیراعظم بنا تو ہم نے جنوبی وزیرستان، سوات اور مالاکنڈ میں مشاورت کے ساتھ آپریشن کیا، ہم نے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد آپریشن کیا، آپریشن کی وجہ سے 25لاکھ افراد بے گھر ہوئے تھے، بے گھر افراد کو90روز میں واپس ان کے علاقے میں آباد کیا۔

چیئرمین سینیٹ نے واضح کیا کہ جنگ نہ ہونا امن نہیں، انصاف ہونا امن ہے، جب تک انصاف نہیں ہوگا تو امن نہیں آئے گا، حکومت وقت کا فرض ہے کہ ملک میں امن ہو، اس وقت سب سے زیادہ مسائل آپ کے بارڈرز پر ہیں، افغانستان اوربھارت کے بارڈرز پر مسائل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع کے عوام کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، قبائلی اضلاع کی ترقی ہماری ترجیح ہے، میں بھی جنوبی پنجاب سے تعلق رکھتا ہوں ، جنوبی پنجاب میں بھی پسماندگی اوربیروزگاری ہے، گورنمنٹ سے درخواست کروں گا کہ آپ کے جائز مطالبات کو پورا کیا جائے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ ہم قبائلی اضلاع کے پسماندہ طبقوں کی آواز نہیں دبنے دیں گے۔