اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی کے 26 نومبر احتجاج کیس میں عدالت نے غیر حاضر ملزمان کے ضمانتی مچلکوں کو ضبط کرنے کا حکم دے دیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت اور کارکنان کے خلاف 26 نومبر کے احتجاج کے حوالے سے درج مقدمہ کی سماعت کی، جج طاہر عباس سپرا نے کیسز پر سماعت کرتے ہوئے غیر حاضر ملزمان کے ضمانتی مچلکوں کو ضبط کرنے کا حکم دے دیا اور ان کے ضمانتیوں کو نوٹسز جاری کرنے کی بھی ہدایت کر دی۔
عدالت نے غیر حاضر ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے ہیں، اس موقع پر عدالت نے کیس کی مزید سماعت 31 جولائی تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی قیادت اور کارکنان کے خلاف تھانہ سیکرٹریٹ میں 26 نومبر کو ہونے والے احتجاج کے حوالے سے مقدمات درج ہیں جس میں دہشت گردی کی دفعات بھی شامل ہیں۔