اسلام آباد: (مریم الہٰی) پاکستان کسٹمز نے کارروائیاں کرتے ہوئے گزشتہ 10 سالوں کے دوران 303 کلو سے زائد سمگلڈ سونا ضبط کر لیا۔
دستاویزات کے مطابق کسٹمز نے 15-2014 سے لے کر 25-2024 تک سمگلڈ سونا ضبط کیا جس کی مجموعی مقدار 7 من سے زائد ہے۔
سب سے زیادہ سمگلڈ سونا 18-2017 کے دوران پکڑا گیا، جب 58 کلو سے زائد سونا ضبط کیا گیا اور سمگلنگ کے 53 کیسز دائر کیے گئے، اس کے بعد 21-2020 میں 48 کلو سے زائد سونا پکڑا گیا جس پر 62 کیسز رجسٹر کیے گئے ہیں۔
دستاویزات میں یہ بھی بتایا گیا کہ گزشتہ دو سال 23-2022 اور 24-2023 کے دوران سب سے کم سمگلڈ سونا پکڑا گیا جس سے سمگلنگ میں کمی کا اشارہ ملتا ہے، کسٹمز حکام نے سمگلنگ کی روک تھام کے لیے مزید سخت اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ غیر قانونی سرگرمیوں پر قابو پایا جا سکے۔