لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے موسلا دھار بارشوں سے نشیبی علاقوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کر دیا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے بالائی علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران نارووال میں 58 ملی میٹر، لاہور 27، قصور 15، مری 14، سیالکوٹ 7، جہلم 5 جبکہ منگلا اور گجرات میں 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
ترجمان نے بتایا کہ مون سون بارشوں کا موجودہ اور پانچواں سلسلہ 31 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے، اسی ضمن میں پی ڈی ایم اے کے صوبائی کنٹرول روم اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرز کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سرگودھا، ملتان، ساہیوال، بہاولپور، جہلم، اٹک، چکوال، مری، گلیات، میانوالی، نارووال، گجرات، سیالکوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، منڈی بہاؤالدین اور ڈی جی خان میں شدید بارشوں کی پیشگوئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ موسلا دھار بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں کے ندی نالوں میں طغیانی اور مری و دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ موجود ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کی جانب سے عوام الناس سے گزارش کی گئی ہے کہ موسم کی صورتحال سے باخبر رہیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ایمرجنسی کی صورت میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کریں۔