راولپنڈی: (دنیا نیوز) بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا کہ بانی نے کہا چیف الیکشن کمشنر نے ایم این ایز، ایم پی ایز کو سنے بغیر نااہل کر دیا۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ آج صرف ایک وکیل کو اندر جانے دیا گیا، باقی وکلا کو جیل کے اندر نہیں جانے دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ فیملی کی ملاقات کا دن تھا، ملاقات بھی نہیں کرائی گئی، فیملی کو اندر نہیں جانے دیا گیا، جج کا حکم ہے قانون کے مطابق فیملی، میڈیا کو ٹرائل کے دوران بلایا جائے گا۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ توشہ خانہ کیس میں بانی کا فیئرٹرائل نہیں ہو رہا، بانی نے کہا کینگرو کورٹ ہے، فیئر ٹرائل کی کوئی امید نہیں، بانی نے کہا ناجائز طریقے سے سزائیں دی جا رہی ہیں۔
عمران خان کی ہمشیرہ کے مطابق بانی نے کہا 17 سیٹیوں والوں کو حکمران بنا دیا، جو رول آف لا کے لیے کھڑے ہوئے ان کو جیلوں میں ڈال دیا گیا۔
علیمہ خان کے مطابق بانی نے کہا ناجائز طریقے سے الیکشن کمیشن لوگوں کو نااہل کر رہا ہے، بانی نے کہا تاریخ میں لکھا جائے گا جمہوریت کو سب سے زیادہ نقصان چیف الیکشن کمشنر نے پہنچایا ہے، جمہوریت کے ساتھ کھلواڑ کیا جا رہا ہے۔
عمران خان کی ہمشیرہ کے مطابق بانی نے کہا ایک ہی طریقہ ہے سب لوگ رول آف لا کے لیے کھڑے ہو جائیں، تحریک شروع ہو چکی، سب لوگ اپنا حصہ ڈالیں، حقیقی آزادی تک تحریک چلتی رہے گی۔
علیمہ خان کے مطابق بانی نے کہا ہم سب پاکستان کے لیے کھڑے ہیں، میرے خلاف 60 مقدمات درج ہیں، ہمیں کوئی خوف نہیں ہے، اللہ نے ہمارے دلوں سے خوف نکال دیا ہے۔