اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ جمہوریت میں اپوزیشن کا کردار ختم ہو تو وہ شہنشاہت ہے، خدشہ پہلے سے تھا دیوار پر لکھا نظر آرہا تھا کہ ہمارے لوگوں کو نا اہل کیا جائے گا۔
میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ عدالتیں ہمیں مرضی کا وکیل کرنے کا وقت نہیں دے رہیں، کہا گیا کیس کو ختم کرنا ہے، ہمارا آئینی حق ہے ہمارا کیس ہماری مرضی کا وکیل لڑے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ فیصل آباد میں جج صاحب سے کہا گیا ہمیں وکیل کرنا ہے، انہوں نے سٹیٹ کونسل مقرر کر دیا، فیئر ٹرائل کے تقاضے پورے نہیں کئے جا رہے، الیکشن کمیشن کو وضاحتیں دینے کے بجائے آئین اور قانون کو فالو کرنا چاہئے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے نوٹس کر کے فریقین کو سننا تھا، الیکشن کمیشن نے جلدی دکھائی ہے ایسا نہیں ہونا چاہئے، آرٹیکل 63 میں واضح ہے نا اہلی سے قبل فریق کو سنا جاتا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے پاس ایسے کیسز میں 90 دن کا وقت ہوتا ہے، دس سال کی سزائیں کیا اگر عمر قید بھی ہو تو الیکشن کمیشن کو سننا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو نا اہل کرنے سے بہتر ہے ہوش کے ناخن لیں، ایک دوسرے کے گریبانوں سے ہاتھ نکالنے کا وقت ہے، جن لوگوں کو سزائیں ہوئی ہیں وثوق سے کہتا ہوں یہ لوگ سیاست میں انتشار نہیں چاہتے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جو کچھ بھی ہورہا ہے یہ بڑی بدقسمتی ہے، بانی پی ٹی آئی کے بچوں سے ہمارا براہ راست رابطہ نہیں ہوتا، اپنے والد کے لئے آنا ان کا حق ہے اگر وہ آئے تو بھرپور استقبال کرینگے۔
چیئرمیین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہر کیس میں سزائیں نہیں دیتے، جمہوری لوگوں کے رویے کچھ اور ہوتے ہیں۔