ملک کے مختلف شہروں میں بادل برس پڑے، نشیبی علاقے زیر آب، رین ایمرجنسی نافذ

Published On 30 July,2025 06:52 am

لاہور: (دنیا نیوز) مون سون بارشوں کا سپیل برقرار ہے، ملک کے مختلف شہروں میں بادل برس پڑے۔

اسلام آباد، راولپنڈی میں موسلادھار بارش ہوئی، نشیبی علاقے زیر آب آگئے، واسا نے ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے رین ایمرجنسی نافذ کردی، راولپنڈی میں سب سے زیادہ بارش ہوئی، سید پور میں 90 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، شمس آباد میں 80، کٹاریاں 78 ،،پی ایم ڈی 55 اور پیر ودھائی،52 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

مردان، سوات، ایبٹ آباد، مظفرآباد اور دیگر شہروں میں بھی بادل برسے، ہری پورمیں نشیبی علاقے زیرآب آگئے، پانی گھروں میں داخل ہوگیا، کالا باغ میں بھی موسلادھار بارش ہوئی، ندی نالوں میں طغیانی آگئی، پنجاب اور کے پی میں بارشوں سے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بڑھ گیا۔

بارشوں سے پہاڑی علاقوں کے برساتی نالوں میں تیز بہاؤ کا امکان بڑھ گیا، ایبٹ آباد کےعلاقے درویش آباد میں بارش کے باعث مکان کی چھت گر گئی، ملبے تلے دب کر 2 بچیاں جاں بحق ہوگئیں۔