لاہور: (دنیا نیوز) سینئر سیاستدان میاں اظہر کے انتقال کے باعث خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی نشست این اے 129 لاہور پر ضمنی انتخاب 18 ستمبر کو ہوگا، الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابی شیڈول جاری کر دیا۔
ریٹرننگ افسر عثمان غنی کے مطابق امیدواروں کے کاغذات نامزدگی 4 سے 6 اگست تک جمع کرائے جا سکیں گے جبکہ 7 اگست کو نامزد امیدواروں کی ابتدائی فہرست جاری کی جائے گی۔
کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال (سکروٹنی) 11 اگست تک مکمل کی جائے گی، جمع کاغذات پر اپیلیں 12 سے 16 اگست تک دائرکی جا سکیں گی، اپیلوں پر فیصلے 20 اگست تک کیے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق حتمی امیدواروں کی فہرست 23 اگست جبکہ کاغذات واپس لینے کیلئے 25 اگست تک کی مہلت دی جائے گی، انتخابی نشان 26 اگست کو الاٹ کیے جائیں گے، 18 ستمبر کو پولنگ ہو گی اور پولنگ کا عمل صبح 8 سے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔
خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کے سینئررہنما خواجہ سعد رفیق نے این اے 129 میں ضمنی انتخاب میں حصہ لینے سے معذرت کر لی ہے۔