اسلام آباد:(دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اور صوبائی اسمبلی کے 3 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے شیڈول جاری کردیا ہے، پولنگ 18 ستمبر کو ہوگی۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقے این اے 66 وزیرآباد، این اے 129 لاہور اور پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 87 میانوالی میں ضمنی انتخابات 18 ستمبر 2025 کو منعقد ہوں گے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ این اے 66 وزیرآباد کی نشست احمد چٹھہ جبکہ پی پی 87 میانوالی کی نشست پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر کے نااہل قرار دیے جانے کے باعث خالی ہوئی، این اے 129 لاہور کی نشست رکن قومی اسمبلی میاں اظہر کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔
جاری کردہ شیڈول کے تحت امیدوار 6 اگست تک کاغذات نامزدگی جمع کراسکیں گے، جبکہ امیدواروں کے ناموں کی عبوری فہرست 7 اگست کو جاری کی جائے گی، 26 اگست کو امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے ہدایت جاری کی ہے کہ امیدوار مقررہ تاریخوں کے مطابق اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائیں تاکہ انتخابی عمل بروقت اور شفاف طریقے سے مکمل کیا جا سکے۔