لاہور:(دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کرنے اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر دو ارکان اسمبلی پر پابندی عائد کردی گئی۔
قائم مقام سپیکر ملک ظہیر اقبال چنڑ نے فوری معطلی کے احکامات جاری کر دیے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق خالد نثار ڈوگراور شیخ امتیاز محمود کے خلاف کارروائی کی گئی ، دونوں ارکان نے اسمبلی اجلاس میں ہنگامہ آرائی، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی،خالد نثار ڈوگر نے رکن اسمبلی پر حملے کی کوشش کی۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب اسمبلی اجلاس بدنظمی کا شکار، اپوزیشن رکن نے حسان ریاض کو تھپڑ رسید کردیا
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ شیخ امتیاز محمود نے قائم مقام سپیکر کے اختیارات کو چیلنج کیا، اسمبلی کارروائی کی لائیو کوریج میں ارکان کا غیر پارلیمانی رویہ سامنے آیا، دونوں ارکان کو پندرہ سیٹنگز میں شرکت سے معطل کیا گیا ہے۔
اسمبلی سے جاری نوٹیفکیشن میں مزید بتایا گیا کہ دونوں ارکان رولنگ تک اجلاس میں شریک نہیں ہو سکیں گے، اسمبلی کی حرمت کو بچانے کیلئے سخت اقدام اٹھایا گیا۔