شیخوپورہ میں غیر قانونی پیوندکاری کا نیٹ ورک پکڑا گیا، 8افراد گرفتار

Published On 29 July,2025 05:01 pm

لاہور:(دنیا نیوز) پنجاب کے شہر شیخوپورہ میں گردوں کی غیر قانونی پیوندکاری کا نیٹ ورک بے نقاب ہو گیا۔

 پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی (PHOTA) کی سربراہی میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ کارروائی شیخوپورہ میں گردوں کی غیر قانونی پیوندکاری میں ملوث ایک منظم گروہ کو گرفتار کر لیا گیا۔

وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق،سیکریڑی سپیشلائز ہیلتھ عظمت محمود خان کی ہدایات پر اور ڈائریکٹر جنرل PHOTA پروفیسر ڈاکٹر عامر زمان خان کی براہِ راست نگرانی میں کارروائی ہیڈ آف ویجیلنس پی ہوٹا عدنان احمد بھٹی نے کی، جن کے ہمراہ ویجیلنس انسپکٹر مرزا فہیم اور دیگر تربیت یافتہ ٹیم موجود تھی۔

کامیاب چھاپہ شیخوپورہ میں فیصل آباد روڈ پر واقع نجی ہسپتال پر پر مارا گیا جہاں موقع پر موجود گروہ گردہ نکالنے اور پیوند کرنے کا غیر قانونی عمل انجام دے رہا تھا، کارروائی کے دوران ڈاکٹر وقاص مصطفیٰ سمیت 8 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ۔
گرفتار ہونے والوں میں دو خواتین اور آپریشن تھیٹر ٹیکنیشنز، ایجنٹس اور معاون عملہ شامل ہے، جس مریض کو گردہ لگایا جا رہا تھا وہ ایک افریقی شہری ہے جس شخص کا گردہ نکالا جا رہا تھا وہ شیخوپورہ کا مقامی شہری تھا، یہ گروہ منظم طریقے سے انسانی اعضاء کی خرید و فروخت اور غیر قانونی ٹرانسپلانٹیشن میں ملوث تھا۔

ہسپتال میں ڈاکٹر اپنے دیگر سٹاف کے ساتھ مل کر افریقی شہری کی غیر قانونی گردہ پیوند کاری کر رہا تھا، غیر قانونی پیوند کاری کرنے والے اس گروہ نے رقم مبلغ 70 لاکھ روپے وصول کیے جب کہ ڈونر کو کوئی بھی رقم ادا نہ ہوئی، غیر قانونی پیوند کاری میں ملوث دیگر ملزم نسیم جعلی ڈاکٹر کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

حکام کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے اور شیخوپورہ سمیت دیگر شہروں میں ملوث سہولت کاروں کے خلاف چھاپے جاری ہیں تاکہ اس غیر قانونی نیٹ ورک کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔