وزارت داخلہ کو سینیٹر سیف اللہ ابڑو کی درخواست پر 30 دن میں فیصلہ کرنے کا حکم

Published On 01 August,2025 12:09 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزارت داخلہ کو سینیٹر سیف اللہ ابڑو کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے پی ٹی آئی سینیٹر سیف اللہ ابڑو کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر سماعت کی، سینیٹر سیف اللہ ابڑو کے وکیل قمر عنایت راجا عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے وزارت داخلہ کو 30 دن میں سینیٹر سیف اللہ ابڑو کی درخواست پر فیصلہ کرنے کا حکم دیا۔

دوران سماعت وکیل قمر عنایت راجا نے کہا کہ وزارت داخلہ کو نام سفری پابندی کی فہرست سے نکالنے کی درخواست دے رکھی ہے، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آپ کی درخواست پر فیصلہ آجائے پھر اس کو دیکھ لیتے ہیں۔

عدالت نے وزارت داخلہ کو ہدایات کے ساتھ کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔