لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں سموگ کے سدباب کے لئے جدید اور موثرٹیکنالوجی کے استعمال میں پیش رفت سامنے آئی ہے۔
سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بتایا کہ دنیا کا پہلا آزمودہ ڈسٹ سسپنشن سسٹم ،15 جدید اینٹی اسموگ گنز کے ساتھ لاہور پہنچ چکا ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ جدید فوگ کینن باریک پانی کی دھند سے خطرناک فضائی ذرات PM2.5 اور PM10 کو زمین پر گرا کر ہوا سے صاف کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اینٹی سموگ گنز لاہور میں نصب ایئر کوالٹی نیٹ ورک اور ماحولیات تحفظ فورس سے منسلک ہوں گی۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ آلودگی کی شدت بڑھنے پر اینٹی سموگ گنز خودکار طور پر فعال ہو جائیں گی۔
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) August 1, 2025
وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق اینٹی سموگ گنز سسٹم سیٹلائٹ ڈیٹا، ڈرونز، کیو آر کوڈڈ بھٹہ خشت اور اے آئی ٹریکنگ سسٹم سے منسلک ہوگا۔
مریم نواز نے کہا کہ اینٹی سموگ گنز ماحولیات کے تحفظ کے لئے انقلابی قدم ہے، ٹیکنالوجی، جدت اور شہریوں کی شمولیت کے ساتھ سموگ کے خلاف جنگ جیتیں گے۔