جنگ کے دوران پتہ چلا ڈیجیٹل میڈیا بہترین ہتھیار ہے: بلاول بھٹو زرداری

Published On 01 August,2025 09:38 pm

کراچی: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جنگ کے دوران پتہ چلا کہ ڈیجیٹل میڈیا بہترین ہتھیار ہے۔

شہر قائد میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس ( پی ایف یو جے) کے 75 سال مکمل ہونے پر فیڈرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین کے اعزاز میں وزیراعلیٰ ہاؤس سندھ میں دیے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جنگ کے دوران عالمی سطح پر پاکستان اور بھارتی میڈیا آمنے سامنے تھے۔

انہوں نے کہا کہ  پی ایف یو جے نے آزادی صحافت کے لیے تحریک چلائی، بےنظیربھٹو شہید تحریک میں صحافیوں کے ساتھ کھڑی رہیں، تحریک بحالی جمہوریت ( ایم آر ڈی) میں صحافیوں نے بھی جدوجہد کی، آج بھی آزادی صحافت سے متعلق چیلنجز ہیں۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ بھارتی جارحیت کے دوران عالمی سطح پر پاکستان اور بھارتی میڈیا آمنے سامنے تھے، جنگ میں پاک فضائیہ نے بھارتی جارحیت کا بھر پور جواب دیا اور پاکستانی میڈیا سے بہترین کردار ادا کیا، ڈس اور مس انفارمیشن ہتھیار بن چکا جسے بھارت نے استعمال کیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کشمیر پر پڑوسی ممالک پروپیگنڈا کرتے ہیں، جنگ سے پہلے ڈیجیٹل میڈیا پر پابندی تھی، پھر پتا چلا کہ یہ بہترین ہتھیار ہے، حکومت نے بھارت سے جنگ کے بعد ڈیجیٹل میڈیا سے پابندی ہٹائی تھی،پیپلزپارٹی آزادی اظہار رائے پر یقین رکھتی ہے، صحافیوں کے تحفظ کے لیے قانون سازی ہونی چاہیے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ میں سیلاب متاثرین کیلئے2 1 لاکھ گھر بنا رہے ہیں، ہم گھر بناکر خواتین کو مالکانہ حقوق دے رہے ہیں۔