آصف زرداری کے بغیر یہ سسٹم چھ ماہ نہیں چل سکتا: گورنر پنجاب

Published On 28 July,2025 05:55 pm

راولپنڈی:(دنیا نیوز) گورنر پناب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ آصف زرداری کے بغیر یہ سسٹم چھ ماہ نہیں چل سکتا۔

جڑواں شہر میں صدرمملکت کی سالگرہ تقریب میں کارکنوں سےخطاب کرتے ہوئے سردار سلیم حیدر کا کہنا تھا کہ اس تقریب میں سب کوخوش آمدید کہتا ہوں،لاہورمیں بھی سالگرہ کےحوالےسےتقریبات منعقد ہوئیں۔

انہوں نے کہا کہ بےنظیرکی شہادت پیپلزپارٹی کےلیےبہت مشکل وقت تھا، آصف علی زرداری نےدلیری اوربہادری سےپیپلزپارٹی کومتحد رکھا، انہوں نے بے نظیرکی شہادت کے بعد پارٹی کوسنبھالا، بی بی کی شہادت کےبعد پارٹی تقسیم ہوسکتی تھی۔

گورنر پنجاب نے پارٹی کارکنوں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کا جیالا اب تگڑا ہوجائے، ہم نے بلاول بھٹو کو وزیراعظم بنانا ہے، گلی،محلوں میں پیپلزپارٹی کا پیغام پہنچاؤ۔

سردار سلیم حیدر کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی غریبوں کی پارٹی ہے، الیکشن میں عوام تیرپرمہرلگا کربلاول کووزیراعظم بنائیں گے، پورے پاکستان میں کسی کا چہرہ ایسا نہیں کہ آصف علی زرداری سےصدرکا عہدہ لے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگریہ سسٹم چل رہا ہےتوآصف علی زرداری کےایوان صدرمیں بیٹھنےکی وجہ سے ہے، ورنہ یہ سسٹم چھ ماہ بھی نہیں چل سکتا۔