گلگت: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گلگت بلتستان میں انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے 4 ارب روپے کے فنڈز کا اعلان کر دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ افراد میں امدادی چیک تقسیم کرنے کی تقریب میں شرکت کی، شہبازشریف نے متاثرہ افراد میں امدادی چیک تقسیم کئے۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ متاثرین کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، وفاق اور گلگت بلتستان حکومت قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کریں گے، انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے 4 ارب روپے فنڈ کا اعلان کرتا ہوں۔
شہباز شریف نے کہا کہ وزیرمواصلات فوری طور پر انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے اقدامات کریں، ان تمام مسائل سے نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں کو مربوط اقدامات کرنا ہوں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سےمتاثرہ ملکوں میں سرفہرست ہے، کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں تیزبارشیں اور طغیانی آئی، جاں بحق افراد کے بلندی درجات اور زخمیوں کی صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ کابینہ ارکان کے ساتھ گلگت بلتستان میں متاثرہ افراد سے اظہار ہمدردی کے لیے آیا ہوں، بارشوں اور سیلاب سے متعدد افراد جاں بحق ہوئے اور املاک کو نقصان پہنچا، ایڈوانس وارننگ سسٹم وقت کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اگست کےآخرتک دوبارہ گلگت کا دورہ کروں گا، جب تک آپ اپنے گھروں میں آباد نہیں ہوتے میں آتا رہوں گا، 100 میگاواٹ کا سولرسسٹم منصوبہ رواں مالی سال مکمل ہو جائے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ آئندہ دورے میں دانش سکول کا سنگ بنیاد رکھیں گے، سکردو میں بھی دانش سکول قائم کیا جائےگا، نوجوانوں پر سرمایہ کاری کل کا مستقبل محفوظ کرنے کے مترادف ہے۔
وزیراعطم شہباز شریف گلگت بلتستان کےعوام کا درد سمجھتےہیں: گلبرخان
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان گلبرخان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف گلگت بلتستان کے عوام کا درد سمجھتے ہیں، گلگت بلتستان میں بارشوں اور سیلاب سے بہت نقصان ہوا، گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے انفراسٹرکچر کی تعمیر ضروری ہے۔
شہبازشریف بلاتفریق عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں: امیرمقام
وفاقی وزیر امور کشمیرامیرمقام کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ متاثرین کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف بلاتفریق عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں، وزیراعظم نے کسی بھی مشکل وقت میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑا۔ شہبازشریف کی ٹیم دن رات کام کر رہی ہے۔
اس سے قبل گلگت بلتستان میں بارشوں اور سیلابی صورتحال کے حوالے سے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گلگت میں سیلاب اور کلاؤڈ برسٹ سے نقصانات کا جائزہ لینے آیا ہوں، گلگت میں حالیہ بارشوں سے بہت نقصانات ہوئے، حالیہ بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے جانی و مالی نقصانات پر افسوس ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی ادارے گلگت بلتستان حکومت کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں، پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے شدید متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے، عالمی سطح پر کاربن گیسز کے اخراج میں ہمارا حصہ انتہائی کم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا شمار ماحولیاتی تبدیلیوں سے شدید متاثر ہونے والے 10 ملکوں میں ہوتا ہے، 2022 میں بھی بارشوں اور سیلاب نے بہت تباہی مچائی، ہر سال ہم موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہو رہے ہیں، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور باقی صوبوں میں موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم گلگت پہنچ گئے، گورنر نے بارشوں سے ہونے والے نقصانات بارے آگاہ کیا
شہباز شریف نے کہا کہ درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے وزارت موسمیاتی تبدیلی کو ہدایات دی گئی ہیں، موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اقدامات وقت کی ضرورت ہیں، این ڈی ایم اے اہم قومی ادارہ ہے اور بہت اچھا کام کر رہا ہے۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں دانش سکول کا جلد قیام عمل میں لایا جائے گا، سولر پارک کا منصوبہ ذاتی بنیاد پر دیکھ رہا ہوں، ذاتی نگرانی میں منصوبہ جلد از جلد مکمل کریں گے۔
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر گلگت پہنچے جہاں وزیراعظم سے گورنر اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کو حالیہ بارشوں کے نتیجے میں سیلابی صورتحال اور نقصانات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت اور امن وا مان کی صورتحال سے بھی آگاہ کیا گیا۔