دریائے چناب اور سندھ میں مختلف مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب

Published On 01 August,2025 12:26 pm

لاہور : (دنیا نیوز) پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ دریائے چناب اور دریائے سندھ میں مختلف مقامات پر نچلے درجے کے سیلاب کا سامنا ہے۔

پی ڈی ایم اے نے مون سون فلڈ فیکٹ شیٹ جاری کر دی ہے، 24 گھنٹوں میں لیہ، بہاولنگر، بہاولپور، نارووال، بھکر، قصور، لاہور اور سیالکوٹ میں بارشیں ریکارڈ کی گئیں۔

ترجمان نے بتایا کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشیں متوقع ہیں، دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، دریائے سندھ میں تربیلا، کالا باغ، چشمہ اور تونسہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان کاٹھیا کے مطابق دریائے جہلم، راوی اور ستلج میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے، رودکوہیوں اور بڑے دریاؤں سے ملحقہ ندی نالوں میں بھی پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے۔

عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ گزشتہ رات رودکوہیوں میں نچلے سے درمیانے درجے کے سیلابی ریلے گزرے تاہم پیشگی الرٹ کے باعث کوئی جانی و مالی نقصان رپورٹ نہیں ہوا، نارووال بسنتر نالہ کے مقام پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے،تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 88 فیصد جبکہ منگلا ڈیم 58 فیصد تک بھر چکا ہے۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ رواں سال موسم مون سون بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں پنجاب میں 162 شہری جاں بحق ہوئے ، 564 شہری زخمی، 214 گھر متاثر اور 121 مویشی ہلاک ہوئے۔