چکوال: سیلاب متاثرہ انفراسٹرکچر کی بحالی کیلئے 3 ارب 77 کروڑ روپے درکار

Published On 01 August,2025 11:40 am

چکوال: (دنیا نیوز) چکوال کی ضلعی انتظامیہ نے بارشوں اور سیلاب سے نقصانات کی رپورٹ تیار کر لی، انفراسٹرکچر بحالی کے لیے 3 ارب 77 کروڑ 43 لاکھ روپے مانگ لیے۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عام شہریوں کے گھروں کو پہنچنے والے نقصان کے ازالے کے لیے 14 کروڑ 79لاکھ 3ہزار روپے فنڈز کی سفارش کی گئی، سیلاب سے ہائی وے کی 60، سمال ڈیمز کی18، لوکل گورنمنٹ کی 30سکیمیں متاثر ہوئیں۔

رپورٹ کے مطابق کالجز 6، سکول 73، بنیادی ہیلتھ مراکز 10، ضلع کونسل کی 14 اور چاروں میونسپل کارپوریشنز کی 16 سکیمیں بارشوں اور سیلاب سے متاثر ہوئیں، ضلع بھرمیں کل 2973 گھرمتاثر ہوئے، 136 گھر مکمل تباہ ہوئے، 2837 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔
یہ بھی بتایا گیا ہے کہ بارشوں اور سیلاب سے مجموعی طور پر 173 دیہات کوشدید نقصان پہنچا، تحصیل چکوال میں 114، چوآسیدن شاہ میں37، کلرکہار میں 16، تلہ گنگ کے 6 دیہات میں نقصانات ہوئے۔

ضلعی انتظامیہ کی تیار کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شدید بارشوں اورسیلاب سے9 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوئے، جاں بحق افراد کے ورثا اور زخمیوں کومجموعی طورپر1 کروڑ15 لاکھ روپے امداد دی گئی۔

رپورٹ کے مطابق سیلاب کے دوران کسانوں کے جانوربھی ہلاک یا متاثرہوئے، چکوال میں 85، تلہ گنگ 9 اورچوآسیدن شاہ میں16 مویشی ہلاک یا متاثرہوئے، جانوروں کی ہلاکت کے نقصان کا تخمینہ47 لاکھ35 ہزارروپے لگایا گیا۔

چکوال کی ضلعی انتظامیہ نے رپورٹ کے ساتھ فنڈز کے لیے پی ڈی ایم اے اور پنجاب حکومت کومراسلہ جاری کردیا۔