احتجاج کی آڑ میں گھروں، بینکوں کو جلانا، سڑکیں بند کرنا قابلِ مذمت: ملک محمد احمد خاں

Published On 05 August,2025 04:37 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا کہ احتجاج کی آڑ میں گھروں، بینکوں کو جلانا اور سڑکیں بند کرنا قابلِ مذمت ہے۔

سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا کہ میرا احتجاج پُرامن ہے، ریاستی املاک جلانا میرا طریقہ نہیں، پُرامن احتجاج ہر سیاسی جماعت کا آئینی حق ہے، احتجاج کا مطلب انارکی پھیلانا نہیں، یہ قومی یکجہتی کے خلاف ہے۔

ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ 5 اگست یومِ استحصال پر ہمیں کشمیریوں سے یکجہتی کا پیغام دینا چاہئے تھا، تحریکِ انصاف نے 14 اگست جیسے قومی دنوں کو بھی احتجاج کے ذریعے تقسیم کا دن بنایا۔

سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ آج کا دن فلسطین اور کشمیر کے مظلوموں کے لیے آواز بلند کرنے کا دن تھا، احتجاج کے نام پر قومی موقف کو نقصان نہ پہنچایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ انارکی کو احتجاج کہنا غلط ہے، یہ کسی سیاسی دلیل سے جوڑا نہیں جا سکتا، سپیکر کی غیر موجودگی میں قائم مقام سپیکر نے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں۔

ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ یہ ایوان گالی یا تشدد کی نہیں، دلیل اور مکالمے کی جگہ ہے، میری تین دہائیوں کی سیاست گواہ ہے، ہمیشہ پارلیمنٹ کی حرمت کی بات کی ہے۔

سپیکر پنجاب اسمبلی نے ایوان میں ضابطہ اخلاق کی بحالی پر ڈپٹی سپیکر کی تعریف کی اور کہا کہ 14 اگست قومی اتحاد کا دن ہے، اسے سیاسی تقسیم کا ذریعہ نہ بنایا جائے۔