پنجاب اسمبلی : یوم استحصال کشمیر کے متعلق قرارداد متفقہ طور پر منظور

Published On 05 August,2025 06:02 pm

لاہور:(دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی اجلاس پنجاب اسمبلی میں یوم استحصال کشمیر کے متعلق قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔

وزیر پارلیمانی امور مجتبیٰ شجاع الرحمان نے یوم استحصال کشمیر کی قرارداد ایوان میں پیش کی۔

قرارداد کے متن کے مطابق چھ سال قبل پانچ اگست 2019 کو بھارت نے غیر قانونی طورپر بھارت کی حیثیت کو تبدیل کردیا، پاکستان سفارتی و اخلاقی حمایت کی توثیق و اعادہ کرتا ہے تاکہ کشمیری عوام اقوام متحدہ کی قراردادوں میں اپنے حق خود ارادیت اور اپنا حق حاصل کر سکیں۔

متن میں یہ بھی لکھا گیا کہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو تبدیل کرنے کےلئے بھارتی اقدامات و غیر قانونی سیاسی منظر نامہ بھارتی پالیسوں کو مسترد کرتا ہے، بھارتی ظلم و ستم جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی ہے، ایوان کشمیری عوام کی بہادر و جرأت کو سلام پیش کرتا ہے جو بھارت کے خلاف مزاحمت جاری رکھے ہوئے ہیں۔

اسی طرح یہ ایوان کشمیر میں انسانی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتا ہے، ایوان آزاد جموں و کشمیر گلگت بلتستان پر بھارت کے دعوے کو مسترد کرتا ہے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں سے مسئلہ کشمیر حل کیا جائے۔

دوسری جانب متن میں یہ بھی لکھا گیا کہ بھارت کشمیر میں قیدیوں کو رہا کرے ظلم و ستم بند کرے اور صحافیوں کو کشمیر میں رسائی کی اجازت دی جائے۔