پشاور: (دنیا نیوز) پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب اور شبلی فراز کا الیکشن کمیشن نااہلی کے خلاف دائر درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔
پشاور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں عمر ایوب اور شبلی فراز کی نااہلی کے خلاف دائر درخواستوں پر فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن کی کارروائی روکنے کا حکم دے دیا ہے۔
عدالت نے 5 اگست کو جاری ہونے والے نااہلی کے نوٹیفکیشن پر الیکشن کمیشن کو مزید کسی بھی کارروائی سے روک دیا ہے اور الیکشن کمیشن سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں، کیس کی مزید سماعت 20 اگست کو ہوگی۔
عدالت کی جانب سے جاری کردہ دو صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عمر ایوب اور شبلی فراز کو انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے ان کی غیر موجودگی میں سزا سنائی گئی، تاہم وہ عدالت کے سامنے پیش ہو چکے ہیں اور حفاظتی ضمانت بھی لے چکے ہیں۔
پشاور ہائیکورٹ کے مطابق درخواست گزاروں نے سزا کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں اپیل کرنے کے لیے وقت مانگا ہے کیونکہ اُن کی سزا ابھی حتمی نہیں ہوئی۔
عدالت نے یہ بھی نشاندہی کی کہ الیکشن کمیشن نے ان رہنماؤں کو سنے بغیر انہیں نااہل قرار دیا، جو مناسب قانونی طریقہ کار کے خلاف ہے۔
لہٰذا پشاور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو 5 اگست کے فیصلے پر مزید کارروائی سے روک دیا ہے اور تمام فریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے آئندہ سماعت تک معاملے کو مؤخر کر دیا ہے۔