اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے سرکاری ملازمین کی طرف سے حاضری کی پابندی نہ ہونے کا نوٹس لے لیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ تمام وزارتوں اور وفاقی محکموں میں ملازمین اپنی حاضری یقینی بنائیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی طرف سے دفاتر میں سر کاری ملازمین کی حاضری میں اوقات کار کی پابندی نہ کرنے کا سخت نوٹس لے لیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے تمام وزارتوں، ڈویژنوں، وفاقی محکموں، خود مختار اور نیم خود مختار اداروں میں ملازمین کی مقررہ اوقات کے مطابق حاضری کو یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
شہباز شریف نے وفاقی سیکرٹریز اور وفاقی محکموں اور ادروں کے سر بر اہان کو ہدایت کی ہے کہ وہ خود بھی مقررہ اوقات کے مطابق دفتر میں حاضری اور با قاعدگی کو یقینی بنا کر مثال قائم کریں۔
وزیراعظم کی ہدایت پر سیکرٹری کا بینہ ڈویژن کامران علی افضل نے تمام وزارتوں اور ڈویژنوں کے سیکرٹریز کو مراسلہ لکھ دیا ہے، جس میں وزیر اعظم کی ہدایت پر عمل درآ مد کو یقینی بنانے کے لیے کہا گیا ہے۔