بارشوں کے ایک اور سپیل کی پیشگوئی، دریائے چناب اور جہلم میں سیلاب کا خدشہ

Published On 07 August,2025 06:44 am

لاہور: (دنیا نیوز) ملک میں بارشوں کے ایک اور سپیل کی پیشگوئی کر دی گئی۔

پنجاب، خیبرپختونخوا اور کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، بلوچستان میں بادل برسنے کی توقع ہے، مظفرآباد اور گرد و نواح میں بارش ہوئی، کئی علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی، بارشوں کے باعث دریائے چناب اور جہلم میں اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ بڑھ گیا۔

سوات اور پنجکوڑہ کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بڑھ گیا، تربیلا، کالا باغ، چشمہ، تونسہ اور گڈو بیراج میں درمیانے درجے کا سیلاب متوقع ہے، تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہونے پر اسپل ویز کھول دیئے گئے، خانپور ڈیم میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہونے لگے، ہائی لیول سے صرف 11 فٹ کم رہ گیا۔،

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد کے متعدد علاقوں میں سیلابی صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور سی ڈی اے کو لوگوں کو ریسکیو کرنے اور نکاسی آب کیلئے اقدامات کی ہدایت کر دی، سیلابی صورتحال اور لوگوں کے تحفظ کو یقینی بنانے و امدادی کارروائیوں کی نگرانی کیلئے کمیٹی قائم کردی گئی۔