لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا گیا۔
صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں مال روڈ، ہال روڈ، ایبٹ روڈ، شملہ پہاڑی، لکشمی چوک، مزنگ، قرطبہ چوک، جیل روڈ، فیروزپور روڈ، کینال روڈ، ملتان روڈ، چوبرجی، سمن آباد، گلبرگ سمیت دیگر علاقوں میں موسلادھار بارش سے گرمی اور حبس کا زور کم ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اڑھائی گھنٹے کے دورانیہ میں اوسطا 40.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، شہر میں سب سے زیادہ بارش پانی والا تالاب میں 89 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔
جیل روڈ پر 45، ایئرپورٹ 89، گلبرگ 49 ،لکشمی چوک 72، اپر مال 29، مغلپورہ 30 اور تاج پورہ میں 47 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، نشتر ٹاؤن 40 ، چوک ناخدا 57، فر خ آباد 45، گلشن راوی، جوہر ٹاؤن اور اقبال ٹاؤن میں 3،3 ملی میٹر ،سمن آباد 2 اور قرطبہ چوک میں 43 ملی میٹر بارش برسی۔
یہ خبر بھی پڑھیں: ملک بھر میں کل سے بارشوں کا نیا سلسلہ، سیلابی صورتحال سنگین ہونے کا خدشہ
موسلا دھار بارش کے باعث شہر کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے چار اگست سے ملک کے بیشتر علاقوں میں بارشوں، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے سلسلے کی پیش گوئی کی ہے، مون سون کا چھٹا سپیل پہلے سے موجود سیلابی صورت حال کو مزید سنگین بنا سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس وقت ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں کمزور مون سون ہوائیں داخل ہو رہی ہیں، جن کی شدت چار اگست سے بڑھنے کا امکان ہے، اس کے علاوہ ایک مغربی ہوا کا سلسلہ بھی پانچ اگست تک مضبوط ہونے کی توقع ہے، جو متاثرہ علاقوں میں بارش برسانے والے نظام کو مزید تقویت دے گا۔