ماہ ربیع الاول: بین الاقوامی سیرت النبیؐ کانفرنس کے انعقاد کی تیاریاں

Published On 07 August,2025 02:41 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ ماہ ربیع الاول میں 50 ویں بین الاقوامی سیرت النبیﷺ کانفرنس شایانِ شان انداز میں منعقد کی جائے گی۔

وزیر مذہبی امور نے کانفرنس کی تیاریوں کیلئے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بتایا کہ اس سال کانفرنس کا موضوع ’سوشل میڈیا کے مثبت استعمال کی تعلیم و تربیت میں ریاستی ذمہ داریاں‘ رکھا گیا ہے، جو نئی نسل کو اسلامی تعلیمات اور سیرت نبویﷺ سے آگاہی فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے بتایا کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے رواں ہجری سال کو نبی کریمﷺ کے 1500 ویں سالِ ولادت کے موقع پر ’نبی الرحمہ‘ کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے، اسی مناسبت سے ملک بھر میں صوبائی اور نجی سطح پر ’عشرہ رحمت للعالمین‘ کے تحت مختلف تقریبات، محافلِ سیرت و نعت کا انعقاد کیا جائے گا۔

سردار محمد یوسف نے کہا کہ وزارت مذہبی امور سیرت نگاروں، مقالہ نگاروں اور کتابی مصنفین کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گی اور موضوع پر بہترین مقالہ جات کو انعامات سے نوازا جائے گا، منتخب مقالہ جات کتابی شکل دے کر پالیسی سازوں اور نئی نسل کیلئے محفوظ کئے جائیں گے۔

وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ کانفرنس میں ملکی و غیر ملکی اہم مذہبی شخصیات اور سکالرز شرکت کریں گے۔