الیکشن کمیشن نے دوہری شہریت کیس کا فیصلہ سنا دیا

Published On 07 August,2025 09:52 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے دوہری شہریت کیس کا فیصلہ سنا دیا۔

الیکشن کمیشن نے سنی اتحاد کونسل کے ایم پی اے امتیاز محمود کی نا اہلی کی درخواست مسترد کر دی، درخواست رشدہ لودھی اور نعیم شہزاد نے دائر کی تھی۔

ایم پی اے امتیاز محمود پر کینیڈین شہریت چھپانے کا الزام تھا، کیس آرٹیکل 63(2)(3) اور آرٹیکل 127 کے تحت سنا گیا، الیکشن کمیشن نے شہریت ترک کرنے کا سرٹیفکیٹ قبول کیا۔

امتیاز محمود نے 10 دسمبر 2022 کو کینیڈین شہریت ترک کی، کاغذات نامزدگی 21 دسمبر 2023 کو جمع کرائے گئے، کاغذات نامزدگی سے قبل شہریت ترک کی جا چکی تھی۔

کمیشن نے دلائل سننے کے بعد ریفرنس خارج کر دیا، ریفرنس کے مطابق نعیم شہزاد کو دوسرا کامیاب امیدوار قرار دینے کی استدعا کی گئی تھی۔

کمیشن نے قرار دیا کہ امتیاز محمود نے قانون کی خلاف ورزی نہیں کی، فیصلہ ممبران نثار درانی، شاہ جتوی، بابرحسن، اکرام اللہ نے دیا۔

الیکشن کمیشن کا فیصلہ 17 جولائی 2025 کو جاری ہوا، ریفرنس کو شواہد کی بنیاد پر منفی قرار دے دیا گیا۔