بنوں: (دنیا نیوز) بنوں میں فرینٹر کور (ایف سی) کی چیک پوسٹ پر ڈرون حملے میں ایک اہلکار شہید جبکہ 3 زخمی ہو گئے۔
ڈی پی او بنوں سلیم عباس کلاچی کے مطابق بکا خیل کے علاقے تختی خیل میں ایف سی کی چیک پوسٹ پر کواڈ کاپٹر ڈرون حملہ کیا گیا، حملے میں ایک ایف سی اہلکار شہید اور 3 زخمی ہو گئے۔
ڈی پی او سلیم عباس کلاچی کا کہنا ہے کہ حملے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، واقعہ کے بعد فرینٹر کور اور پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن، ہوید میں کرفیو نافذ
ڈی پی او سلیم عباس کلاچی کا کہنا ہے کہ ہوید میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے باعث تاحکم ثانی کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے، ہوید میں دہشتگردوں کی موجودگی پر سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن ہورہا ہے۔
ان کا بتانا ہے کہ آپریشن کے لیے بھاری نفری علاقے میں پہنچا دی گئی ہے، ہوید میں صبح 5 بجے کے بعد عوام کو گھروں سے باہرنہ نکلنے کا کہا ہے، شہری کسی بھی مشتبہ فرد کو اپنے قریب نہ آنے دیں۔
ڈی پی او بنوں کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کو پناہ دینے یا مدد کرنے پرسخت قانونی کارروائی ہو گی، جہاں بھی فورسز پر فائرنگ ہو گی وہ عمارت گرا دی جائے گی۔