راجہ بشارت کی 3 اور صنم جاوید کی 2 مقدمات میں عبوری ضمانتیں خارج

Published On 08 August,2025 12:34 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت میں نومبر ستمبر اکتوبر احتجاج کے مقدمات کی سماعت ہوئی، راجہ بشارت اور صنم جاوید کی عبوری ضمانتیں خارج کر دی گئیں۔

جج امجد علی شاہ نے مقدمات پر سماعت کی، راجہ بشارت کی جانب سے پیش کردہ میڈیکل سرٹیفکیٹ مسترد کر دیا، راجہ بشارت کی اٹک کے تین مقدمات میں عبوری ضمانت خارج کی گئی، ان تین مقدمات میں عبوری ضمانت کی درخواستوں پر فریقین کے دلائل مکمل ہو چکے تھے۔

پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے مؤقف اپنایا کہ ملزمان تفتیشی عمل میں رکاوٹ بن رہے ہیں، ملزمان کی جانب سے دانستہ طور پر عدالتی کارروائی پر اثر انداز ہونے کا رویہ ہے، ملزمان آٹھ ماہ سے ضمانتوں پر ہیں، ضمانتیں خارج کی جائیں۔

جج امجد علی شاہ نے ریمارکس دیے کہ آٹھ ماہ سے ضمانتیں التواء میں ہیں، پہلے بھی ضمانت خارج ہو چکی ہے، ملزمان دانستہ طور پر تفتیش میں تاخیر کا سبب بن رہے ہیں۔

عدالت نے صنم جاوید کی اٹک کے دو مقدمات میں عبوری ضمانت خارج کی، صنم جاوید کی جانب سے پشاور کے سکن سپشلسٹ کا میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کیا گیا، پراسیکیوٹر سید ظہیر نے کہا کہ ملزمہ شامل تفتیش ہو چکی ہے تفتیش میں ملزمہ کی موقع پر موجودگی ثابت ہے۔

عدالت نے پراسیکوشن کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے ضمانتیں خارج کرنے کا فیصلہ سنا دیا۔