ضمنی الیکشن میں بائیکاٹ کرکےتحریک انصاف اپنا نقصان کرےگی: عطا تارڑ

Published On 08 August,2025 11:09 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نےکہا ہے کہ ضمنی الیکشن میں بائیکاٹ کرکےتحریک انصاف اپنا نقصان کرے گی۔

دنیا نیوزکے پروگرام’’ٹونائٹ ود ثمرعباس‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ نومئی کےواقعات پرکسی کومعاف نہیں کیا جاسکتا،ٹرائل،شواہد کےبعد نااہلیاں ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی کےعہدے پرہونےسےجرم ختم نہیں ہوجاتا، نومئی ایک گھناؤنا جرم تھا اس وجہ سےقومی اسمبلی اور سینیٹرز کے اراکین کو نااہل قرار دیا گیا، ایک جرم ہوا ہےاس کی سزا تو ملے گی، عمرایوب اوردیگرکی نااہلی9مئی پرہوئی ہے۔

 وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف اندرونی انتشارکا شکارہے،تحریک انصاف کےاندرگروپنگ ہے، علی امین گنڈا پوراورجنید اکبرگروپ ہے، علیمہ خان اورشیرافضل مروت گروپ ہے، جب اتنےگروپس ہوں گےتوپھرپارٹی پالیسی کلیئرنہیں ہوتی۔

عطا تارڑ نے کہا کہ جب پارٹی پالیسی کلیئرنہ ہو تو پھر لوگ کنفوژن شکارہوتےہیں، ان کے پاس سٹریٹ پاور نہیں اور لوگ نکل نہیں رہے، تحریک انصاف کےتمام احتجاج بری طرح ناکام ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی احتجاج کی حکمت عملی ناکام رہی ہے، یہ ہرقومی تہوار پر ہی کیوں احتجاج کرتے ہیں؟ یوم استحصال کشمیرڈے والےدن بھی تحریک انصاف نےاحتجاج کیا، ایرانی صدرپاکستان آئےتب احتجاج کی کال دی تھی۔

وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات نے تجویز دیتے ہوئے کہا کہ چودہ اگست کواحتجاج کا اعلان بڑا افسوس ناک ہے، تحریک انصاف 15اگست کو احتجاج کرے تاکہ بھارت کوپیغام جائے۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ ضمنی الیکشن میں بائیکاٹ کرکےتحریک انصاف اپنا نقصان کرےگی، سیاسی میدان کبھی خالی نہیں چھوڑا جاتا، تحریک انصاف کےساتھ پارلیمان کےاندربات چیت ہونی چاہیے، ہم نےہمیشہ مذاکرات کی بات کی، انہوں نےراہ فراراختیارکی۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی میگا کرپشن سکینڈل کی وجہ سےجیل میں ہے، بانی نے بزنس ٹائیکون سے اربوں روپے کا فائدہ لیا ہے، پرتگال والےمعاملےمیں بہت سارے لوگوں کے نام آئے ہیں، اس کی تفصیلات ابھی قبل ازوقت دینا مناسب نہیں ہو گا، پرتگال معاملےکی تحقیقات کےبعد عوام کےسامنےتفصیلات آئیں گی۔

وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف نےدرست کہا پرتگال میں بہت سارےبیوروکریٹس نےانویسٹمنٹ کی، ان میں حاضرسروس بیوروکریٹس بھی شامل ہیں۔

ایک اورسوال کے جواب میں عطا تارڑ نے مزید کہا کہ خواجہ آصف کےاستعفےسےمتعلق پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، اے ڈی سی آر انتظامی معاملہ ہے، حقائق سامنےآجائیں گے، پنجاب اینٹی کرپشن اس حوالےسےتحقیقات کررہا ہے، پنجاب اورمرکزکےمعاملات ہم آہنگی کےساتھ چل رہےہیں، خواجہ آصف سینئرسیاست دان ہیں۔